November 17, 2026

سکھر پریس کلب کے سامنے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج، ٹیکسی ڈرائیور کا رشوت اور ناجائز چالان کا الزام

IMG-20260225-WA0276

سکھر پریس کلب کے سامنے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج، ٹیکسی ڈرائیور کا رشوت اور ناجائز چالان کا الزام

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے رانی پور سے تعلق رکھنے والے بھٹو برادری کے رہائشی محمد اسماعیل بھٹو نے مبینہ طور پر ٹریفک پولیس کی زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی۔تفصیلات کے مطابق محمد اسماعیل بھٹو، جو پیشے کے اعتبار سے ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ سکھر میں سواری چھوڑنے آئے تھے کہ پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے انہیں روک لیا۔ ان کے مطابق ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار حمید جکھرانی نے گاڑی کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا، جو انہوں نے فوری طور پر پیش کر دیے۔محمد اسماعیل بھٹو کا کہنا تھا کہ تمام دستاویزات درست ہونے کے باوجود متعلقہ اہلکار نے ان سے 200 روپے رشوت طلب کی۔ جب انہوں نے رشوت دینے سے انکار کیا تو مبینہ طور پر ان کے خلاف ٹریفک خلاف ورزی کے نام پر 1000 روپے کا چالان جاری کر دیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ان کے پاس تمام قانونی کاغذات موجود تھے تو چالان کس بنیاد پر کیا گیا؟متاثرہ ڈرائیور نے بتایا کہ وہ ایک غریب محنت کش ہیں اور اگست 2025 میں ملٹری روڈ سے ان کی ذاتی کار چوری ہو گئی تھی، جس کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔ اس واقعے کے بعد وہ کسی اور کی گاڑی ٹیکسی کے طور پر چلا کر اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث کمانا مشکل ہو چکا ہے اور دوسری جانب بعض ٹریفک اہلکاروں کے رویے نے زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔احتجاج کے دوران محمد اسماعیل بھٹو نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کا نوٹس لیا جائے، جاری کردہ چالان واپس لیا جائے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مؤقف کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم خبر فائل کیے جانے تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ قانون کی بالادستی اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔