November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت نارا کینال کے آر ڈی 115، 116

IMG-20260225-WA0273

سکھر(بیورورپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت نارا کینال کے آر ڈی 115، 116 اور آر ڈی 118 کے صالح پٹ کے آبادگاروں کو زرعی اراضی کے لیے پانی کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر نہید حسین میرانی، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ صالح پٹ ماجد ماکو، محکمہ آبپاشی، سیپکو، زراعت اور متاثرہ اراضی کے درخواست گزاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو درخواست گزاروں نے آگہی دیتے ہوئے بتایا کہ تعلقہ صالح پٹ میں زرعی زمینوں کو پانی کی فراہمی کے لیے محکمہ آبپاشی کی جانب سے نارا کینال سے آر ڈی مشینری کا استعمال کیا جاتا ہے، اور کل 20 آر ڈیز کو زمینوں کو پانی فراہمی کے لیے الگ سے بجلی کی فراہمی ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ سیپکو کی جانب سے آر ڈیز کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھاتے ہوئے اب 14 گھنٹوں تک کیا گیا ہے، جس سے لوڈ شیڈنگ کے باعث متعلقہ علاقوں کی 40 فیصد تک زرعی اراضی اور ہزاروں کسان شدید تر متاثر ہو رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں نے بغیر پانی کے گندم کی فصل کاشت کی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ 10 من فی ایکڑ کی پیداوار ممکن ہے، ایسی ہی صورتحال گزشتہ کپاس کے فصل کی پیداوار میں بھی رہی۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے درخواست گزاروں کے مسائل اطمینان سے سنے اور محکمہ آبپاشی، سیپکو اور زراعت کے متعلقہ افسران سے باز پرس کی۔
محکمہ آبپاشی کے عملدار نے بتایا کہ اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی قصور وار نہیں ہے کیونکہ محکمہ کی جانب سے آر ڈیز کی فعالی کے لیے سیپکو کو باقاعدگی سے 100 فیصد بلنگ کی جاتی ہے۔سیپکو افسران نے بتایا کہ دیہات اور شہری آبادی کی جانب سے نان بلنگ ایشو کے باعث لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔کمشنر سکھر نے سیپکو افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب انسانی آبادی اور زرعی آبادی کے لیے بجلی کی فراہمی کا الگ الگ میکانزم موجود ہے اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے 100 فیصد بلنگ بھی ہو رہی ہے تو آر ڈیز پر لوڈ شیڈنگ کیوں کر کی جا رہی ہے، کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ آر ڈیز پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے یا دورانیہ میں خاطر خواہ کمی کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات لیے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر صالح پٹ ماجد ماکو اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران نے بتایا کہ کاشتکاروں کے مسائل جینوئن اور فوری حل طلب ہیں۔ کمشنر سکھر نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ متاثرہ اراضی کی سروے کی جائے اور متاثرہ اراضی اور آبادگاروں کی تعداد پر مبنی ڈیٹا پر رپورٹ فراہم کی جائے تا کہ متعلقہ اعلیٰ حکام کو مراسلہ کے ذریعے اقدامات لینے کے لیے سفارشات بھیجی جائیں.