سکھر/روہڑی(بیورورپورٹ)رمضان میں بچت بازار ویران، شہریوں کا انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا
سکھر/روہڑی(بیورورپورٹ)رمضان میں بچت بازار ویران، شہریوں کا انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ سکھر اور روہڑی کے سنگم پر واقع مختیارکار آفس کے سامنے رمضان المبارک کے دوران قائم کیا گیا بچت بازار عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔ بازار کے افسوسناک مناظر سامنے آئے ہیں جہاں متعدد اسٹال خالی اور ویران نظر آئے، جبکہ خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔مقامی شہریوں نے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے بلند و بانگ دعوے عملی طور پر پورے نہیں ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچت بازار میں نہ تو معیاری اشیاء دستیاب ہیں اور نہ ہی وہ قیمتوں میں نمایاں فرق موجود ہے جس کا اعلان کیا گیا تھا۔ بعض شہریوں کے مطابق چند اسٹالز پر بنیادی اشیاء کی عدم دستیابی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے پیش نظر حکومت کی جانب سے بچت بازاروں کا قیام عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیا جاتا ہے، تاہم روہڑی میں قائم اس بازار کی موجودہ صورتحال انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت نگرانی اور سپلائی چین کو مؤثر نہ بنایا گیا تو اس اقدام کا مقصد ہی فوت ہو جائے گا۔علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا کہ رمضان جیسے بابرکت مہینے میں غریب اور متوسط طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے اگر بازار خالی رہیں تو یہ عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، بازار کو فعال بنانے اور ضروری اشیائے خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔شہری حلقوں نے یہ بھی تجویز دی کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں اور دستیاب اشیاء کی فہرست آویزاں کی جائے اور مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔تاحال متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اس صورتحال پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ عوامی حلقے آئندہ چند روز میں عملی اقدامات کے منتظر ہیں تاکہ رمضان المبارک میں ریلیف کے حکومتی دعوے حقیقت کا روپ دھار سکیں۔