انتہائی افسوس کے ساتھ ہاتھوں کمسن بیٹے کا قتل، خودکشی کی کوشش ناکام
انتہائی افسوس کے ساتھ
ہاتھوں کمسن بیٹے کا قتل، خودکشی کی کوشش ناکام
خیرووال دربار کے مقام پر گزشتہ رات ایک نہایت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس نے ہر آنکھ اشکبار کر دی۔ ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنے ہی چار سالہ معصوم بیٹے کو بلیڈ کی تیز دھار سے شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا، اور بعد ازاں خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت جمشید کے نام سے ہوئی ہے، جو سیالکوٹ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزم آئس (منشیات) کا عادی تھا، جبکہ اس نے بیان دیا کہ اس کی بیوی بھی نشے کی لت میں مبتلا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ موئیل کے ایس ایچ او راجہ خاور علی پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم واردات کے بعد ایک موبائل ٹاور پر چڑھ گیا تھا اور خودکشی کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اسے بحفاظت نیچے اتار لیا۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر ابتدائی کارروائی مکمل کرنے کے بعد طبی امداد کے لیے قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ مقتول بچے کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایچ او راجہ خاور علی نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ اس موقع پر تھانہ برنالہ کے ایس ایچ او راجہ طارق سلہریا بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ اندوہناک واقعہ نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، جو گھریلو مسائل اور منشیات جیسے ناسور کے سنگین نتائج کو واضح کرتا ہے۔