ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے اجلاس۔ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے پرائس کنٹرول افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد عابد سرور سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مقررہ نرخوں پر برقرار رکھنے، مصنوعی مہنگائی کی روک تھام، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور سپلائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں، رمضان بازاروں اور کریانہ سٹورز کی چیکنگ کو یقینی بنائیں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں آٹا، چینی، گھی، دالوں، سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی مانیٹرنگ سسٹم فعال رہے گا اور روزانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔