November 17, 2026

میلسی (و ہا ڑ ی بیو رو چیف )شہر کے وسط میں ریلوے اراضی پر قائم کیا جانے والا پارک تاحال عوام

Screenshot_2026-02-24_074437

میلسی (و ہا ڑ ی بیو رو چیف )شہر کے وسط میں ریلوے اراضی پر قائم کیا جانے والا پارک تاحال عوام کے لیے باقاعدہ طور پر فعال نہ ہو سکا، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبہ سابقہ دورِ حکومت میں شہریوں کو سستی اور معیاری تفریحی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا تھا۔شہریوں محمد اقبال، سلیم بھٹہ، محمد رفیق، شیراز احمد، امتیاز احمد اور محمد کاشف سمیت دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ پارک کی تعمیر کا کام کچھ عرصہ تعطل کا شکار رہنے کے بعد تقریباً دو سال قبل دوبارہ شروع کیا گیا اور تعمیراتی مراحل مکمل ہونے کے باوجود یہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے بند ہے۔ ان کے مطابق چھ ماہ قبل بھی اس حوالے سے میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے نوٹس لیا اور پارک میں گھاس اور پودے لگائے گئے، تاہم چند روز تک سرگرمیاں جاری رہنے کے بعد دوبارہ اسے بند کر دیا گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ باقاعدہ دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث واکنگ ٹریک کے بعض حصے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ لگائی گئی گھاس بھی خشک ہو چکی ہے۔ شہریوں کے مطابق منصوبے پر سرکاری وسائل خرچ ہونے کے باوجود عوام ابھی تک اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتِ حال کا جائزہ لے کر پارک کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔