سول اسپتال سکھر کی ایمرجنسی میں ڈیجیٹل ایکس رے مشین خراب، علاج معالجہ متاثر
سول اسپتال سکھر کی ایمرجنسی میں ڈیجیٹل ایکس رے مشین خراب، علاج معالجہ متاثر
سکھر (بیورورپورٹ)سول اسپتال سکھر کی ایمرجنسی وارڈ میں نصب ڈیجیٹل ایکس رے مشین گزشتہ دو روز سے خراب ہونے کے باعث ایکس رے کی سہولت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے، جس سے سینکڑوں مریضوں سمیت مختلف شعبہ جات میں زیرِ علاج انڈور مریض بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق ایمرجنسی میں روزانہ بڑی تعداد میں حادثات، فریکچر، چوٹوں اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا مریض لائے جاتے ہیں، جہاں فوری تشخیص کے لیے ایکس رے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ مشین کی خرابی کے باعث نہ صرف علاج میں تاخیر ہو رہی ہے بلکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو نجی مراکز کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ بھی پڑ رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈیجیٹل ایکس رے مشین کافی عرصے سے پرانی ہو چکی ہے اور بار بار خرابی کا شکار رہتی ہے۔ اس سے قبل بھی مشین میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی جسے بڑی مشکل سے مرمت کیا گیا تھا، تاہم اب دوبارہ خرابی کے باعث صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں بیک اپ ایکس رے مشین دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ انڈور وارڈز میں داخل مریض، خصوصاً سرجیکل، آرتھوپیڈک اور میڈیکل وارڈز کے مریض، بروقت تشخیصی سہولت سے محروم ہیں جس کے باعث علاج کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔اس حوالے سے غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کے پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کی جانب سے تاحال مشین کی فوری مرمت یا متبادل انتظام کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمرجنسی جیسے حساس شعبے میں تشخیصی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور فوری طور پر نئی یا بیک اپ مشین فراہم کی جائے تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو علاج میں تاخیر کے باعث انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔