November 17, 2026

سکھر میں صفائی بحران سنگین، یوسی چیئرمینوں کا کھل کر اظہارِ تشویش

IMG-20260224-WA0157

سکھر میں صفائی بحران سنگین، یوسی چیئرمینوں کا کھل کر اظہارِ تشویش
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انڈورینس کمپنی کو مکمل ادائیگیوں کے باوجود شہر کچرا کنڈی میں تبدیل، عوام جواب مانگ رہی ہے: حضور بخش میرانی

سکھر(بیورورپورٹ)حضور بخش میرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھر شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ ہونے کے باوجود شہر کی صفائی کا نظام مکمل طور پر ناکام نظر آ رہا ہے اور مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر معمول بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے اجلاسوں میں متعدد بار صفائی کے نظام سے متعلق شکایات اور یاد دہانیاں کرائی گئیں، مگر عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی حیثیت سے وہ اپنے حلقوں کے عوام کو جواب دہ ہیں، اور اب ووٹرز براہِ راست ان سے سوال کر رہے ہیں کہ صفائی کا نظام کیوں بہتر نہیں ہو رہا۔یوسی چیئرمینوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور انڈورینس کمپنی کو مزدوروں اور صفائی کے عملے کے نام پر مکمل ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے عملے کو چند سو روپے دیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ شہر میں صفائی کا مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے ادائیگیوں اور کارکردگی کا شفاف آڈٹ کرائیں تاکہ اصل صورتحال سامنے آ سکے۔حضور بخش میرانی کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کے مختلف اجلاسوں میں بارہا صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے تجاویز دی گئیں، مگر نتیجہ وہی پرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے خود سوال اٹھانے پر مجبور ہیں کہ جب فنڈز جاری ہو رہے ہیں تو عملی کام کیوں نہیں ہو رہا۔یوسی چیئرمینوں نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، تاہم صفائی کا بنیادی مسئلہ اب بھی حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا بھی ناگزیر ہے۔یوسی چیئرمینوں کے مطابق سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکے ہیں۔ عوامی حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو وہ اس معاملے کو مزید اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے تاکہ شہر کو کچرا کنڈی بننے سے بچایا جا سکے۔یاد رہے کہ سکھر میں صفائی کا نظام گزشتہ کئی ماہ سے تنقید کی زد میں ہے، اور مختلف سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے اس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کے حالیہ بیانات نے اس مسئلے کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے، اور اب شہریوں کی نظریں متعلقہ اداروں کے عملی اقدامات پر مرکوز ہیں۔