November 17, 2026

سکھر کی کپڑا مارکیٹ میں تجاوزات برقرار، ٹریفک جام معمول بن گیا

IMG-20260224-WA0156

سکھر کی کپڑا مارکیٹ میں تجاوزات برقرار، ٹریفک جام معمول بن گیا
رمضان میں شہر بھر میں آپریشن، مگر مرکزی بازار میں عملدرآمد نہ ہونے پر سوالات

سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے دوران شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم سکھر کی مرکزی کپڑا مارکیٹ میں صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے جہاں مبینہ طور پر دکانداروں کو مکمل استثنیٰ حاصل ہے اور تجاوزات بدستور قائم ہیں۔شہریوں کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں، مگر کپڑا مارکیٹ میں دکانوں سے کئی کئی فٹ باہر تک سامان سجا کر راستہ تنگ کر دیا گیا ہے۔ نتیجتاً پیدل چلنے والوں، خصوصاً خواتین اور فیملیز کے لیے گزرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔مارکیٹ کے بیچوں بیچ ریڑھی بانوں اور رکشہ ڈرائیوروں نے مستقل ڈیرے جما رکھے ہیں، جس کے باعث ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک اب سڑک کم اور پرائیویٹ اسٹینڈ زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ جو بھی آتا ہے وہیں بریک لگا کر رک جاتا ہے، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔دکانوں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلیں، سامان کے ڈھیر اور عارضی اسٹال بھی راستے کی بندش کا سبب بن رہے ہیں۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ رش کے اوقات میں صورتحال قابو سے باہر ہو جاتی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی گاڑیوں کا گزرنا ناممکن ہو سکتا ہے۔شہری حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب رمضان المبارک میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے تو کپڑا مارکیٹ کو کیوں نظرانداز کیا جا رہا ہے؟ مقامی تاجروں کے اثر و رسوخ یا کسی غیر اعلانیہ رعایت کے تاثر نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے، خصوصاً سکھر میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ بلا امتیاز کارروائی کریں تاکہ بازاروں میں نظم و ضبط بحال ہو اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت مل سکے۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی اگر واقعی عوامی مفاد میں ہے تو اسے ہر بازار میں یکساں طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔ بصورت دیگر یہ تاثر مضبوط ہوگا کہ قانون صرف کمزور طبقے کے لیے ہے جبکہ بااثر حلقے مستثنیٰ ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں بڑھتی ہوئی خریداری کے پیش نظر کپڑا مارکیٹ میں فوری اور مؤثر آپریشن کیا جائے، ریڑھی بانوں اور رکشہ ڈرائیوروں کے لیے متبادل جگہ مختص کی جائے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری سکون اور سہولت کے ساتھ خریداری کر سکیں۔