نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)پاکستان میں ذہنی معذوری کے حامل بچوں کی بحالی کی سہولیات
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)پاکستان میں ذہنی معذوری کے حامل بچوں کی بحالی کی سہولیات انتہائی محدود ہیں: عابد لاشاری نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان کے صدر اور حکومتِ سندھ کے فوکل پرسن برائے انسانی حقوقِ معذورین، عابد لاشاری نے بنکاک میں منعقدہ ایشیا پیسیفک ریجنل سول سوسائٹی انگیجمنٹ اینڈ میکنزم (APRCEM) کے سولیڈیریٹی آور کے دوران پاکستان میں ذہنی معذوری کے حامل بچوں کے لیے بحالی کی سہولیات کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ذہنی معذور بچوں کے لیے بحالی کی خدمات نہایت محدود ہیں، جس کے باعث ابتدائی مداخلت، تھراپی اور جامع ترقیاتی معاونت میں بڑا خلا موجود ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذہنی معذور بچوں کی بحالی کی سہولیات بہت کم ہیں۔ یہ ایک بڑا فقدان ہے کیونکہ بہت کم ادارے ان بچوں کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔اپنی ذاتی جدوجہد بیان کرتے ہوئے عابد لاشاری نے بتایا کہ وہ بچپن میں گھر میں آتشزدگی کے ایک واقعے کے نتیجے میں معذوری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے اپنی والدہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے پیشہ ور معالج نہ ہونے کے باوجود ان کی بحالی کے عمل کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا:“ماں دنیا کی سب سے بڑی معالج ہوتی ہےجس سے انہوں نے بحالی کے عمل میں خاندانی معاونت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ آج این ڈی ایف پاکستان سندھ کے مختلف اضلاع میں سینکڑوں معذور بچوں کو مفت بحالی خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، سائیکوتھراپی اور خصوصی تعلیم شامل ہیں۔ یہ خدمات محکمہ بااختیار برائے معذوراں (DEPD)، حکومتِ سندھ کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہیں۔عابد لاشاری نے ایشیا پیسیفک خطے کی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ بحالی کے نظام کو مضبوط بنائیں، کمیونٹی بیسڈ خدمات کو وسعت دیں اور معذور بچوں کے لیے مساوی رسائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بحالی خیرات نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے اور باوقار، خودمختار اور با شمولیت زندگی کی بنیاد ہے۔