مٹھہ ٹوانہ (راجہ نورالہی عاطف سے)آستانہ ء عالیہ مٹھہ ٹوانہ شریف کے صاحبزادہ قاضی محمد عثمان نے
مٹھہ ٹوانہ (راجہ نورالہی عاطف سے)آستانہ ء عالیہ مٹھہ ٹوانہ شریف کے صاحبزادہ قاضی محمد عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، جو ہمیں صبر، تقویٰ، ہمدردی اور ایثار کا عملی درس دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ یہ مقدس مہینہ انسان کو اپنی اصلاح، عبادات میں اضافہ اور معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ نفس کی تربیت اور روح کی پاکیزگی کا ذریعہ ہے۔ رمضان المبارک ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ معاشرے کے محروم اور نادار طبقات کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
صاحبزادہ قاضی محمد عثمان نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ اس بابرکت مہینے میں دل کھول کر مستحق افراد کی مدد کریں، زکوٰۃ و صدقات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور اپنے اردگرد ضرورت مند خاندانوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنائیں، جھوٹ، غیبت اور دیگر منفی رویوں سے اجتناب کریں اور محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اتحاد و اتفاق کا پیغام دیتا ہے۔ اگر ہم اس مہینے کی حقیقی روح کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نافذ کریں تو نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی سطح پر بھی مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔