ٹوبہ ٹیک سنگھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہری سہولیات کی بہتری اور صفائی
ٹوبہ ٹیک سنگھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہری سہولیات کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کیلئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد عمر میلہ کی زیر صدارت میونسپل سروسز کی بہتری اور شہر کی صفائی کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، سی اوز میونسپل کمیٹیاں اور ستھرا پنجاب کمپنی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہر بھر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ مینجمنٹ، نالوں کی ڈی سلٹنگ اور بیوٹیفیکیشن اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ درپیش مسائل بھی زیر غور آئے۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے سی اوز میونسپل کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ شہر میں جاری بیوٹیفیکیشن کے کاموں کو مقررہ مدت میں جلد مکمل کیا جائے، معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ناقص کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پارکوں میں جاری بحالی کی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ جھولوں، واکنگ ٹریکس، گرین بیلٹس اور بیٹھنے کے انتظامات کو معیاری بنایا جائے اور پارکوں کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت شہر ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ادارے باہمی رابطے سے کام کریں اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے اور کارکردگی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔