November 17, 2026

سکھر پولیس کا جاگیرانی گینگ کو سخت انتباہ خونی تصادم کو قبائلی تنازع کا نام دے کر دہشت

IMG-20260221-WA0267

سکھر پولیس کا جاگیرانی گینگ کو سخت انتباہ
خونی تصادم کو قبائلی تنازع کا نام دے کر دہشت پھیلانے کی کوشش، فوری سرنڈر کی ہدایت، بصورت دیگر آپریشن تیز کرنے کا اعلان

سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر سکھر پولیس نے جاگیرانی گینگ کو سخت پیغام دیتے ہوئے خونی تصادم فوری طور پر ختم کرنے اور خود کو قانون کے حوالے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سرنڈر نہ کرنے کی صورت میں بے رحم آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔ترجمان سکھر پولیس کے مطابق تھانہ دبر/جھانگڑو کی حدود میں جاگیرانی برادری کے دو گروہوں کے درمیان جاری خونی تصادم کو قبائلی تکرار کا نام دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کا مؤقف ہے کہ یہ محض قبائلی تنازع نہیں بلکہ اس کی آڑ میں پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون کو چیلنج کرنے اور امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس بیان کے مطابق سندھ حکومت کی سرنڈر پالیسی کے تحت جس طرح دیگر جرائم پیشہ افراد کو رعایت دی گئی، اسی طرح جاگیرانی گینگ سے وابستہ افراد کو بھی قانون کے سامنے پیش ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اگر وہ رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کریں تو انہیں عزت کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا اور قانونی تقاضوں کے مطابق رعایت دی جا سکتی ہے۔ایس ایس پی اظہر خان نے خبردار کیا ہے کہ جو عناصر سرنڈر نہیں کریں گے ان کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سکھر پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے یا قبائلی تنازع کے نام پر دہشت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علاقے کے شہری حلقوں نے پولیس کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پائیدار امن کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور بے گناہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔