November 17, 2026

سکھر پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن

IMG-20260221-WA0266

سکھر پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن
روہڑی پولیس کی متعدد کارروائیاں، منشیات فروش سمیت تین ملزمان گرفتار، مقدمات درج

سکھر (بیورورپورٹ)ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر سکھر پولیس کا جرائم پیشہ افراد اور سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ روہڑی پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں ایک منشیات فروش اور دو دیگر ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔ایس ایچ او تھانہ روہڑی نے دورانِ اسنیپ چیکنگ کارروائی کرتے ہوئے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ایکٹو کرمنل ملزم شفیع محمد میرانی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1240 گرام چرس برآمد کی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف ماضی میں مختلف دفعات کے تحت کئی مقدمات درج ہیں، جن میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروشی کے الزامات شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔دوسری کارروائی میں روہڑی پولیس نے علی رضا انصاری نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چار بوتلیں شراب برآمد کر لیں۔ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تیسری کارروائی کے دوران پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے وقت ایک سنگین مقدمے میں روپوش ملزم عابد علی برڑو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم تھانہ روہڑی میں درج ایک مقدمے میں مطلوب تھا اور کافی عرصے سے مفرور تھا۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے روہڑی پولیس کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ٹیم کو شاباش دی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرے کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے پاک کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کارروائیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے آپریشنز مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔