سکھر: عالمی یومِ مادری زبان پر سندھی ادبی سنگت کا احتجاجی مظاہرہ
سکھر: عالمی یومِ مادری زبان پر سندھی ادبی سنگت کا احتجاجی مظاہرہ
سندھی سمیت تمام مادری زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دینے کا مطالبہ، ادیبوں کی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
سکھر(بیورورپورٹ)عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر سندھی ادبی سنگت ضلع سکھر کی جانب سے سکھر پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سندھی زبان کو قومی زبان کا درجہ دینے کے مطالبے کے حق میں زوردار نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں ادیبوں، شاعروں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مادری زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے نعرے درج تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھی ادبی سنگت ضلع سکھر کے نو منتخب رابطہ سیکریٹری ارشاد پیرزادہ، سچل بھٹی، مجید نواز مغل، ضیاء بھٹی، نذیر وڈھو، حکیم زنگیجو، ستار زنگیجو، شفاعت گھانگھرو، خالد فاروقی، گل جو نیجو، گل مہر، بیخود بلوچ، امداد جسکانی، قربان مہر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ عالمی یومِ مادری زبان کے موقع پر سندھ کی قدیم اور عظیم ثقافت کی حامل زبان سندھی کو قومی زبان کا درجہ دلانے کے لیے جدوجہد جاری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی زبان کے خلاف تعصب نہیں رکھتے بلکہ ہر مادری زبان کو قومی زبان تسلیم کیے جانے کے حق میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادیبوں اور دانشوروں نے ہر دور میں زبانوں کے تحفظ اور ان کے آئینی حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ سندھی کے ساتھ ساتھ سرائیکی، پنجابی، پشتو، بلوچی اور دیگر مادری زبانوں کو بھی قومی زبان کا درجہ دیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ عالمی اصولوں اور لسانی حقوق کے مطابق ہے۔پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتوں کی زبانوں کو مساوی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھی زبان میں شاہکار ادب موجود ہے اور یہ ایک قدیم زبان ہے جس کی تاریخی اہمیت مسلمہ ہے۔ تاریخی حوالوں کے مطابق ابتدائی تراجم بھی سندھی زبان میں ہوئے، جو اس کی علمی اور ادبی عظمت کا ثبوت ہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سندھی زبان کو فوری طور پر قومی زبان کا درجہ دیا جائے اور اس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اس مطالبے کے حصول تک ان کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔مظاہرے کے اختتام پر زبانوں کے تحفظ، ثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔