November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے

Screenshot_2026-02-20_163307

سکھر(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سی ایم سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ گئو شالہ میں بننے والا کرشنا مندر نا صرف سندھ بلکہ پاکستان کا سب سے خوبصورت و شاندار مندر ہوگا اور یہ مندر بھی اقلیتی برادری کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اقلیتی برادری کو بیش قیمتی تحفہ ہے اس کے تعمیرات کے حوالے سے مذید فنڈز کیلئے کوشش کرینگے تاکہ اس کی تعمیرات جلد مکمل ہوسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اقلیتی امور محکمہ،حکومتِ سندھ کے تعاون سے گئوشالہ سکھر میں کرشنا مندر کی سنگِ بنیاد تقریب میں خصوصی طور شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مکھّی ایشور لال مکھیجا، ڈویژنل صدر اقلیتی ونگ سکھر، راج کمار وادھوانی المعروف راجو پی پی، جنرل سیکریٹری اقلیتی ونگ سکھر سمیت پوج ہندو پنچایت و گئوشالہ کمیٹی سکھر کے عہدیداران اور معزز شخصیات ڈاکٹر اشوک کمار وادھوانی، چندر بھان، رام دیو المعروف نامومل، کیشو لال، پرکاش لال، سنتوش کمار، دھرم پال کٹاریا، حسانند سچدیو، پرکاش لال ہاسیجا، گر بکس لال، گرمکھ داس، ڈاکٹر اوم پرکاش باتھیجا، کشور چند اور مندر کمیٹی کے دیگر اراکین شامل تھے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کا مزید کہنا تھا کہ ہندو برادری ہمیشہ پی پی پی کے ساتھ ہمدردی اور اعتماد کا رشتہ رکھتی آئی ہے کیونکہ یہ جماعت ہر مشکل گھڑی میں اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہتی ہے ان کا کہنا تھا کہ گئوشالہ کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت کرشنا مندر کی تعمیر کا مقصد اقلیتوں کو مساوی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی باعزت اور سہولتوں سے آراستہ ماحول میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ اقلیت کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اگر کسی اقلیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچتا ہے تو حکومت اس کے ازالے کے لیے اقدامات کرتی ہے۔ تقریب میں کرشنا مندر کی تعمیر کو بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتی برادری کے مذہبی حقوق کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا اور منعقد تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مندر کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی تاکہ مقامی ہندو برادری کو عبادت کی بہتر سہولت میسر آ سکے۔