سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک: نمازِ جمعہ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، اسنیپ
سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک: نمازِ جمعہ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، اسنیپ چیکنگ جاری رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نمازِ جمعہ المبارک کے موقع پر ضلع سکھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ اظہر خان کے احکامات پر ضلع بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر خصوصی سکیورٹی پلان کے تحت پولیس نفری تعینات کی گئی تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔پولیس ترجمان کے مطابق جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے پیشِ نظر حساس اور اہم مقامات پر اضافی اہلکار مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر کی ہدایات پر تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنی اپنی حدود میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ضلع کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے، جہاں مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔پولیس موبائلز کی گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔شہری حلقوں نے سکھر پولیس کی جانب سے کیے گئے مؤثر سکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران امن و سکون کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔