سکھر (بیورورپورٹ)ملٹری روڈ کے قریب بزرگ شخص بڑے نالے میں گر کر پھنس گیا، ریسکیو 1122 کی
سکھر (بیورورپورٹ)ملٹری روڈ کے قریب بزرگ شخص بڑے نالے میں گر کر پھنس گیا، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بحفاظت نکال لیا گیا۔صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں ملٹری روڈ کے قریب ایک بزرگ شخص بڑے نالے میں گر کر پھنس گیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بزرگ شخص توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اچانک نالے میں جا گرا، جہاں پانی کے بہاؤ اور گہرائی کے باعث وہ خود سے باہر نکلنے سے قاصر رہا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور تیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ریسکیو ٹیم نے جدید تکنیک (لیڈر ٹیکنیک) استعمال کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے ساتھ بزرگ شخص تک رسائی حاصل کی اور اسے بحفاظت نالے سے باہر نکال لیا۔ بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بزرگ شخص کو تسلی بخش حالت میں اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور امدادی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتی رہی۔شہریوں نے ریسکیو 1122 کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بروقت رسپانس نے ایک قیمتی جان کو بچا لیا۔مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کھلے نالوں کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔