سکھر (بیورورپورٹ)ماہِ صیام کی آمد اور جمعۃ المبارک کے بابرکت موقع پر سکھر/لاڑکانہ رینج میں
سکھر (بیورورپورٹ)ماہِ صیام کی آمد اور جمعۃ المبارک کے بابرکت موقع پر سکھر/لاڑکانہ رینج میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے رینج پولیس کی جانب سے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔پولیس حکام کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ رینج کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر قائم نماز کے اجتماعات کے اطراف سادہ لباس اہلکاروں کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جو مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ اہم مساجد اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔سکھر/لاڑکانہ رینج کے تمام اضلاع میں نماز جمعہ کے دوران پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسنیپ چیکنگ کو مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔پولیس موبائلز کو اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس علاقوں میں گشت بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رینج پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پولیس ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، لاوارث اشیاء یا مشتبہ افراد کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔حکام کے مطابق عوام اور پولیس کے باہمی تعاون سے ہی رمضان المبارک اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
رینج پولیس کا کہنا ہے کہ ماہِ صیام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔