سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحر و افطار کے اوقات کے دوران بلا تعطل بجلی
سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحر و افطار کے اوقات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیپکو انتظامیہ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر اعجاز احمد چنہ نے کہا ہے کہ تینوں عشروں میں خصوصاً سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔سیپکو ترجمان کے مطابق سحر و افطار کے اوقات میں تمام 606 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی فیڈر پر بجلی بند نہیں کی جا رہی۔ اس حوالے سے ہیڈ آفس، سرکل، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ترجمان سیپکو کا کہنا ہے کہ مرکزی کنٹرول روم سکھر سے بجلی کی طلب و رسد اور ترسیل کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 11 کے وی فیڈرز اور گرڈ اسٹیشنز کی کارکردگی بھی مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے تاکہ نظام میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔سی ای او انجنیئر اعجاز احمد چنہ نے بتایا کہ تکنیکی عملہ فیلڈ میں متحرک ہے اور کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری ریسپانس کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سیپکو انتظامیہ نے صارفین کی سہولت کے لیے شکایتی نظام کو بھی فعال رکھا ہے۔ بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں صارفین ہیلپ لائن نمبر 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ ریجنل کسٹمر سروس سینٹر کا نمبر 071-9310921 بھی چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔