8

سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کا رمضان المبارک پر صارفین کے لیے خصوصی اعلان

سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کا رمضان المبارک پر صارفین کے لیے خصوصی اعلان
سحری و افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، ہیلپ لائن 118 فعال

سکھر (بیورورپورٹ)چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو، انجینئر اعجاز احمد چنہ نے ماہِ مقدس رمضان المبارک کی آمد پر سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے تمام معزز صارفین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بابرکت مہینے کے دوران صارفین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظمِ پاکستان اور وفاقی وزیرِ توانائی کی ہدایات کی روشنی میں سیپکو اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ رمضان المبارک کے دوران خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور شہری سکون و اطمینان کے ساتھ عبادات اور روزمرہ معمولات انجام دے سکیں۔انجینئر اعجاز احمد چنہ کے مطابق فیلڈ اسٹاف اور کنٹرول رومز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ تکنیکی عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی اولین ترجیح صارفین کو بلا تعطل اور معیاری بجلی کی فراہمی ہے۔سی ای او سیپکو نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی شکایت یا فنی خرابی کی صورت میں صارفین فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 118 پر رابطہ کریں۔ شکایت درج ہوتے ہی متعلقہ عملہ بروقت کارروائی کرے گا اور مسئلے کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی سہولت اور خدمت کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عبادات اور روزہ داروں کے معمولات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔”آپ کی خدمت، ہماری اولین ترجیح“ سیپکو انتظامیہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں