9

سکھر: جند پیر دربار میں جھولے لال کا میلہ، بھارت سے ہندو یاتریوں کا وفد پہنچ گیا

سکھر: جند پیر دربار میں جھولے لال کا میلہ، بھارت سے ہندو یاتریوں کا وفد پہنچ گیا

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے تاریخی جند پیر دربار میں چیٹ کے چاند کی پہلی تاریخ کے موقع پر حضرت جھولے لال کے سالانہ میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارت سے آنے والے ہندو یاتریوں کے وفد سمیت سندھ بھر سے سوین عقیدت مند خواتین، مرد اور بچوں نے شرکت کی۔میلے کے موقع پر دربار کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا، جبکہ عقیدت مندوں نے خصوصی پوجا پاٹھ کی، بھجن گائے اور روایتی انداز میں “لال جو بہرانو” پیش کیا۔ فضا میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کی کیفیت نمایاں رہی۔بھارت سے ہندو یاتریوں کا وفد سنت اومی رام کی قیادت میں سکھر پہنچا، جہاں پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ سکھر ڈویژن کے جنرل سیکریٹری راجکمار واڈھوا نی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مقامی ہندو برادری کے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔بھارتی سنت اومی رام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی سرزمین پر ہمیں بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے، ہم یہاں سے امن اور محبت کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے ہمارے بزرگوں کی گہری وابستگیاں، محبتیں اور یادیں جڑی ہوئی ہیں، جنہیں ہم ہمیشہ دل میں بسائے رکھتے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایسے خوشگوار تعلقات قائم رہیں کہ زائرین آسانی سے ایک دوسرے کے ملک آ جا سکیں اور مذہبی و ثقافتی رشتے مزید مضبوط ہوں۔میلے میں شریک مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جھولے لال کا میلہ سندھ کی صوفی روایت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال ہے، جہاں ہر سال نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی عقیدت مند شریک ہوتے ہیں۔جند پیر دربار میں منعقدہ یہ روح پرور تقریب سندھ کی ثقافتی و مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظہر بنی رہی، جہاں عقیدت، محبت اور بھائی چارے کا پیغام نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں