8

سکھر میں رمضان المبارک کا آغاز، پہلی نمازِ تراویح عقیدت و احترام سے ادا

سکھر میں رمضان المبارک کا آغاز، پہلی نمازِ تراویح عقیدت و احترام سے ادا

سکھر (بیورورپورٹ)ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد بابرکت مہینے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور پہلی نمازِ تراویح انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔
چاند نظر آنے کی اطلاع ملتے ہی شہر بھر کی مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے۔شہریوں کی بڑی تعداد نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ مساجد کا رخ کیا اور باجماعت نمازِ عشاء کے بعد پہلی تراویح ادا کی۔ مساجد میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جہاں نمازیوں نے قرآنِ پاک کی تلاوت سنی اور عبادات میں مشغول رہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں بھی رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے، جہاں لاکھوں مسلمان پہلی نمازِ تراویح ادا کر کے ماہِ صیام کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ اسی طرح سکھر میں بھی عبادت گزاروں نے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کیں اور ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔علمائے کرام نے اپنے خطابات میں رمضان المبارک کی فضیلت اور برکتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں کو تقویٰ، صبر اور اخوت کو فروغ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا پیغام لے کر آتا ہے اور اس دوران زیادہ سے زیادہ عبادات، صدقات اور خیرات کا اہتمام کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نمازِ تراویح ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزوں اور دیگر عبادات میں مصروف ہیں، جبکہ سکھر میں بھی شہریوں نے بھرپور مذہبی جذبے کے ساتھ اس بابرکت مہینے کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں