11

سکھر میں انسدادِ تجاوزات آپریشن تیز، ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے اقدامات

سکھر میں انسدادِ تجاوزات آپریشن تیز، ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے اقدامات
دکانوں کے باہر رکھا سامان ضبط، تھڑے مسمار، دوبارہ تجاوزات پر سخت کارروائی کی وارننگ

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ اعلیٰ نے تجاوزات کے خاتمے اور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ انسدادِ تجاوزات آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں کارروائیاں کی گئیں۔اطلاعات کے مطابق میونسپل کارپوریشن سکھر کی اینٹی انکروچمنٹ فورس نے افسران کی قیادت میں پولیس اور بلدیہ عملے کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں میں آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دکانوں کے باہر رکھا گیا سامان، جس میں میزیں، کرسیاں اور دیگر اشیاء شامل تھیں، تحویل میں لے لیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تھڑے بھی مسمار کر دیے گئے۔موقع پر موجود انتظامیہ کے افسران نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی شکایات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن شہر میں قائم تمام تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے اور بازاروں کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔شہری حلقوں نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مستقل بنیادوں پر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ دوبارہ غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ شروع نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں