سکھر میں رمضان کے آغاز پر کھجوروں کی قیمتیں دگنی
فی کلو نرخ 300 سے بڑھ کر 600 روپے تک پہنچ گئے، شہریوں کا حکومتی مداخلت کا مطالبہ
سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سکھر میں کھجوروں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث دکانداروں نے قیمتیں دگنی کر دی ہیں۔ شہر کے مختلف بازاروں میں کھجوروں کے نرخ فی کلو 300 روپے سے بڑھ کر 600 روپے تک پہنچ گئے ہیں، جس پر روزہ دار شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ افطار کا آغاز کھجور سے کرنا ایک سنتِ نبویؐ ہے اور ہر روزہ دار اس بابرکت تحفے کو اپنے دسترخوان کا لازمی حصہ بنانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دن بھر کے روزے کے بعد اگر افطار میں کھجور موجود نہ ہو تو افطار کا لطف ادھورا محسوس ہوتا ہے۔رمضان المبارک میں کھجور کے استعمال میں فطری طور پر اضافہ ہو جاتا ہے کیونکہ مسلمان سنتِ رسولؐ پر عمل کرتے ہوئے جذبے کے ساتھ کھجور سے افطار کرتے ہیں۔ اسی بڑھتی ہوئی طلب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض دکانداروں نے قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں دیگر اشیائے خورونوش کی طرح کھجور کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ مقرر کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ دار اس مقدس سوغات کو آسانی سے خرید سکیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو عام آدمی کے لیے کھجور خریدنا مشکل ہو جائے گا، جو رمضان المبارک کی روح کے منافی ہے۔