سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں تقریباً 55 ارب روپے کے سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے نکاسی آب کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کے دورے کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا شہر میں 14 ارب روپے کے خصوصی منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے اور مئی تک اہم علاقوں کو کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ گھر کی دہلیز تک پہنچائے جا رہے ہیں جبکہ سہولت بازار فعال کر دیے گئے ہیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے چاروں اضلاع میں 42 نگہبان دسترخوان بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نرخوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر دکان سیل، جرمانہ اور ایف آئی آر درج کی جا سکتی ہے۔ پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔چیمبر آف کامرس کے نمائندگان نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ کمشنر نے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔