November 17, 2026

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) سندھ ایمپلائيز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن میں رجسٹرڈ

Screenshot_2026-02-19_171009

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) سندھ ایمپلائيز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن میں رجسٹرڈ محنت کش مزدور برسوں سے علاج معالجے اور ادویات کی باقاعدہ فراہمی سے محروم ہیں، سیسی اسپتالوں، پولی کلینکس اور صحت مراکز پر بیماریوں کے علاج کے لیے آنے والے مزدور شدید تکالیف اور مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں، اس حوالے سے سکھر کی مختلف فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کش محمد شہزاد مغل، زاہد علی سومرو اور دیگر مزدوروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکھر اور گرد و نواح کے کارخانوں میں کام کرنے والے رجسٹرڈ ہزاروں مزدور کئی برسوں سے شوگر، بلڈ پریشر، دمہ، ہیپاٹائٹس، بخار، کھانسی، معدہ و جگر، ہڈی و جوڑوں، آنکھوں، کان، ناک، گلا، الرجی، گائنی اور دل کے امراض کے علاج معالجه مين شدید مشکلات کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ سیسی کے پاس رجسٹرڈ ہزاروں محنت کشوں سے ماہانہ رجسٹریشن فیس باقاعدگی سے وصول کی جاتی ہے، مگر مزدوروں کو طویل عرصے سے قانونی طبی سہولیات اور باقاعدہ بنیادوں پر ادویات کی فراہمی سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ پینل اسپتالوں میں علاج کے کلیمز بھی ادا نہیں کیے جا رہے، عدالتی احکامات کے باوجود مزدوروں کو صحت کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، سیسی اسپتالوں، پولی کلینکس، ڈسپنسریوں اور دیگر صحت مراکز پر آنے والے مریضوں کو محدود بجٹ کا جواز بنا کر بغیر علاج واپس بھیج دیا جاتا ہے، ایمرجنسی کی صورت میں مقامی خریداری فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر مزدور مریضوں کو عملاً موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی، صوبائی سیکریٹری لیبر، سیسی کمشنر، چیف میڈیکل آفیسر صحت سیسی ہیڈ آفس کراچی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹرڈ سیسی مزدوروں اور محنت کشوں کو علاج معالجے کی تمام قانونی سہولیات فراہم کی جائیں اور برسوں سے زیر التوا کلیمز ادا کر کے داد رسی کی جائے۔