November 17, 2026

ورکر سے اسپیکر تک کا سفر محسن علی سومرو

IMG-20260219-WA0152

ورکر سے اسپیکر تک کا سفر
محسن علی سومرو

ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاستدان سید اویس قادر شاہ کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی پیدائش 12 اکتوبر 1977ء کو ضلع سکھر میں ہوئی۔ ان کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر بھی ہیں۔

انہوں نے عملی سیاست کا باقاعدہ آغاز 2013ء کے عام انتخابات میں کیا، جب انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی نشست سے انتخاب لڑا۔ اس الیکشن میں ان کے مدِ مقابل سید زاہد شاہ تھے، جنہیں شکست دے کر وہ پہلی مرتبہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2013ء سے 2018ء تک وہ داخلہ کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ اس عرصے کے دوران وہ اپنے حلقے کے عوام کے دکھ سکھ میں شریک رہے اور اسمبلی فلور پر اپنے تَک سمیت صوبے کے عوام کے مسائل بھرپور انداز میں اٹھاتے رہے۔

2018ء کے عام انتخابات میں انہوں نے دوسری مرتبہ صوبائی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ اس بار ان کے مدمقابل معروف کاروباری شخصیت محمد علی شیخ تھے۔ اگرچہ مقابلہ سخت تھا اور مخالف امیدوار مضبوط دکھائی دے رہا تھا، تاہم سید اویس قادر شاہ کی دن رات محنت رنگ لائی اور وہ دوبارہ کامیاب قرار پائے۔

پارٹی قیادت کا اعتماد ان پر مزید بڑھا اور انہیں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا۔ بطور وزیر انہوں نے اہم منصوبے متعارف کرائے جن میں کراچی ریڈ بس منصوبہ نمایاں ہے۔ انہوں نے تقریباً ایک سال تک بطور صوبائی وزیر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں انہوں نے تیسری بار کامیابی حاصل کی اور اپنے مخالف امیدوار کو تقریباً 60 ہزار ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دی۔ اس شاندار کامیابی اور عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے پارٹی قیادت نے انہیں سندھ اسمبلی کے اعلیٰ عہدے کے لیے نامزد کیا، اور وہ اسپیکر منتخب ہوئے۔

اس وقت سید اویس قادر شاہ بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں اور اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر شریک رہتے ہیں۔