November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)مبینہ رشوت ستانی اور آئی ڈیز بلاک کرنے کے

IMG-20260218-WA0309

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)مبینہ رشوت ستانی اور آئی ڈیز بلاک کرنے کے خلاف نجی بینک کے کلسٹر منیجر پر الزامات، متاثرین کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج سکھر زون کے ضلع خیرپور کی مختلف تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے نجی بینک کی “کنیکٹ آئی ڈی” چلانے والے افراد نے مبینہ زیادتیوں اور رشوت طلبی کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے نجی بینک کے کلسٹر منیجر طاہر عزیز پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج میں شریک افراد، جن میں پرویز علی بھابھن، آصف علی شیخ، مور خاصخیلی، محمد موسیٰ، شیراز اور دیگر شامل تھے، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے نجی بینک میں فی کس تقریباً تین لاکھ روپے جمع کروا کر “کنیکٹ آئی ڈی” حاصل کی تھی۔ ان کے مطابق ان آئی ڈیز کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ہاری کارڈ کے تحت ملنے والی رقوم مستحق اور غریب خاندانوں میں تقسیم کی جاتی ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نجی بینک کے کلسٹر منیجر طاہر عزیز نے بلاجواز ان کی 35 سے 40 آئی ڈیز بلاک کر دی ہیں، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسر کی جانب سے ہر آئی ڈی کی بحالی کے عوض دو لاکھ روپے رشوت طلب کی جا رہی ہے۔احتجاج کرنے والوں کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف رشوت طلب کی جا رہی ہے بلکہ ان پر یہ دباؤ بھی ڈالا جا رہا ہے کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں سے کٹوتی کریں، جسے انہوں نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت غریبوں کے پیسوں میں کٹوتی نہیں کر سکتے کیونکہ یہ عمل قانونی جرم ہے اور ان کے ضمیر کے خلاف ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ اختیارات کا مبینہ غلط استعمال کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث نہ صرف ان کا کاروبار متاثر ہوا بلکہ مستحق خاندانوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار افسر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔تاحال متعلقہ بینک انتظامیہ یا نامزد افسر کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ شہری و سماجی حلقوں نے بھی اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعی غریبوں کی امدادی رقوم میں کٹوتی یا رشوت ستانی کے شواہد ملیں تو یہ انتہائی سنگین معاملہ ہوگا جس پر سخت کارروائی ناگزیر ہے۔