پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر شاہراہوں کی بحالی
پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر شاہراہوں کی بحالی
پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے عوامی شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے فوری طور پر بحال کرنے کے احکامات کے بعد انتظامیہ اور پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن مکمل کر لیا ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ پر لگی رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں کھلوا لی گئیں اور اب عام ٹریفک کے لیے دستیاب ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان / اسلام آباد موٹر وے ایم-14 سی پیک یارک ٹول پلازہ کو بھی کلئیر کر دیا گیا ہے۔
ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹر چینج بھی پولیس نے کھلوا دیئے ۔
عدالت عالیہ نے واضح کیا تھا کہ عوام کے حقِ نقل و حمل (Right to Movement) میں رکاوٹ ڈالنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ اسی تناظر میں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے تمام ضلعی سربراہان کو ہدایت جاری کی تھی کہ عدالتی احکامات پر من و عن عمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔