November 27, 2026

چشتیاں شریف پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور خون کے قلم سے داستان رقم کرنے والی واحد جماعت ہے۔

IMG-20261127-WA0146

چشتیاں شریف
پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور خون کے قلم سے داستان رقم کرنے والی واحد جماعت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی خاطر قربانیاں دیتے آئے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے جانثار اور وفادار رہیں گے۔ پارٹی سے وفا کے نتیجے میں ہمارے بچوں کو آمریت کے دور میں سکولوں سے نکال دیا گیا اور آمریت نے ہماری دکانیں گرا دیں۔ ہمیں معاشی طور پر کمزور کرنے کی ہر سازش کی گئی۔ بے روزگاری کی بدولت معاشرے میں شدید دھکے کھائے اور ظلم و جبر برداشت کیے۔ آمریت کے دور میں کوڑے کھانے والوں میں شامل رہے، جیلیں کاٹیں، صعوبتیں برداشت کیں مگر آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وفادار ہیں اور آخری سانس تک وفادار رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار سابق ضلعی صدر یوتھ ونگ پاکستان پیپلز پارٹی و موسٹ سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی بابا شبیر احمد نے چیمبر نمبر 95 میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ کارکنان کا مان بڑھایا اور عزت بخشی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اپنے کارکنان سے بے پناہ محبت کرتے، ان کے دکھ سکھ کا خیال رکھتے، انصاف اور میرٹ کے اصولوں پر غریب عوام کی ہمدردیاں سمیٹیں اور غریبوں کے لیے بڑے بڑے پیکجز منظور کر کے عام عوام تک پہنچائے۔ آج کے نووارد کارکنان کی عزت و تکریم سے بے خبر، ذاتی مفاد اور اقربا پروری کی مثال بنے ہوئے ہیں۔
شبیر احمد ملک نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان حساس طبیعت کے مالک اور دل و جان سے اپنی پارٹی کے وفادار ہیں۔ ان میں وہ بھی ہیں جنہوں نے مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لگائی، پھانسی کے پھندے چوم کر گلے لگائے، کوڑے کھائے مگر پارٹی کے وفادار رہے۔ آج بڑھاپے میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا ترنگا جھنڈا دیکھ کر خون جذبات میں آ جاتا ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بے مثال قربانی اور غریب عوام کے لیے جدوجہد یاد آتی ہے۔ آج پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے جاگیردار، سرمایہ دار، وڈیرے کارکنان کا استحصال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور، محترمہ آصفہ بھٹو زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کارکنان کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچائی جائے اور کارکنان کو وہی عزت اور تکریم دی جائے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو دیا کرتے تھے۔