November 17, 2026

سکھر میں تاریخی پیش رفت ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی کے درمیان اے سی سی اے پروگرام کا معاہدہ طے

IMG-20260218-WA0189(1)

سکھر میں تاریخی پیش رفت ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی کے درمیان اے سی سی اے پروگرام کا معاہدہ طے
طالبات کو بین الاقوامی ڈگری تک مفت رسائی، دو کروڑ روپے کی ابتدائی گرانٹ جاری

سکھر(بیورورپورٹ)ضلع سکھر کی تعلیمی تاریخ میں ایک اہم اور انقلابی پیش رفت کے طور پر ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر کے درمیان بین الاقوامی اکاؤنٹس اینڈ فنانس ڈگری پروگرام اے سی سی اے (ACCA) کے اجراء کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ اور وائس چانسلر پروفیسر تہمینہ منگن نے باضابطہ دستخط کیے۔ تقریب میں تعلیمی و سماجی شخصیات، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے اعلان کیا کہ اے سی سی اے پروگرام کا آغاز آصفہ بھٹو زرداری کے نام سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ضلع کی بچیوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا اور انہیں مالیاتی شعبے میں خودمختار بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کو مہنگی ترین بین الاقوامی ڈگری تک رسائی حاصل ہوگی اور اس کے تمام اخراجات ڈسٹرکٹ کونسل سکھر برداشت کرے گی، تاکہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی بچیاں بھی عالمی سطح کی پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کر سکیں۔چیئرمین کے مطابق پہلے مرحلے میں یونیورسٹی کو دو کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کر دی گئی ہے تاکہ پروگرام کے آغاز،انفراسٹرکچر، فیکلٹی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ضلع سکھر کی تعلیمی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری کی ضمانت
سید کمیل حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے۔ اگر ہماری کوششوں سے بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے روزگار میں خودکفیل ہو جائیں تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔ انہوں نے نیپولین کا قول دہراتے ہوئے کہا:”آپ مجھے تعلیم یافتہ بہترین مائیں دیں، میں دنیا فتح کرلوں گا۔”انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی ملک کی پہلی خواتین یونیورسٹی ہوگی جہاں طالبات کو اس نوعیت کی مہنگی بین الاقوامی تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل نے بتایا کہ اس سے قبل سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں سی ایس ایس امتحانات کی تیاری کا پروگرام متعارف کرایا گیا، جس کے تحت 12 طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل سکھر عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں جمالو سرکولر ٹرین کے اجراء، سیر و تفریح کیلئے فیری سروس، اور حادثات و ہنگامی صورتحال میں مفت ایئر ایمبولینس کی فراہمی شامل ہے۔چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاریخی شہر اروڑ کو تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو مقامی سطح پر ہی معیاری تعلیم اور ترقی کے مواقع میسر آئیں۔اپنے خطاب میں سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس کے بعض بڑے بندرگاہی راستوں کو مکمل موٹر وے سہولت میسر نہیں، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاج اور کوششوں کے بعد سی پیک موٹر وے منصوبے پر پیش رفت متوقع ہے۔تعلیمی حلقوں نے اس معاہدے کو سکھر کی بچیوں کیلئے ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ضلع سکھر قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔