کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سکھر کی بڑی کارروائی روہڑی انٹرچینج پر دھماکہ خیز مواد اور بھاری اسلحہ کی سپلائی ناکام، تین ملزمان گرفتار
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سکھر کی بڑی کارروائی
روہڑی انٹرچینج پر دھماکہ خیز مواد اور بھاری اسلحہ کی سپلائی ناکام، تین ملزمان گرفتار
75 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی بھی برآمد، مقدمہ درج
سکھر(بیورورپورٹ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سکھر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موٹر وے پر روہڑی انٹرچینج کے مقام پر دھماکہ خیز مواد اور بھاری اسلحہ کی مبینہ سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور 75 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد کر لی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایک خصوصی ٹیم نے موٹر وے پر مشکوک کار کو روک کر تلاشی لی۔تلاشی کے دوران تین سو گرام دھماکہ خیز مواد، سیفٹی فیوز، فیوز وائر، نٹ بولٹ، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ چھ کلاشنکوف، دو شارٹ گن اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔گرفتار ملزمان کی شناخت دانش عرف دانی ولد محمد عرفان آفریدی پٹھان، ارسلان عرف آرزو ولد زرولی خان آفریدی پٹھان اور سالار احمد ولد دین محمد دھاریجو کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی نے ملزمان کو حراست میں لے کر گاڑی بھی اپنی تحویل میں کر لی ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو خیبر پختونخوا کے علاقے درہ آدم خیل سے سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں میں غیر قانونی اسلحہ اور جعلی کرنسی کی ترسیل میں ملوث رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے ارکان مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطے میں رہتے تھے اور مبینہ طور پر یہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سنگین وارداتوں اور تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سندھ میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔