سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و توانائی سید ناصر حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کے ہمراہ ماڈرن ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن
سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و توانائی سید ناصر حسین شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کے ہمراہ ماڈرن ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سکھر میں تعمیر ہونے والے ایک فاؤنڈیشن اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سکھر میں فاؤنڈیشن ادارے کی جانب سے خدمتِ خلق کے جذبہ رکھتے ہوئے ماڈرن اسپتال کا قیام ایک حوصلہ افزا عمل ہے، جس کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے میدان میں حکومت سندھ صوبے بھر میں دل، جگر، گردوں سمیت مختلف شعبوں میں بہتر اور مفت سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، جہاں نہ صرف سندھ بلکہ دیگر صوبوں بلوچستان اور پنجاب سے بھی لوگ علاج معالجے کی معیاری سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے آتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر حکومت سندھ کی جانب سے شعبہ طب کی خدمات کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے اب پنجاب میں بھی ایس آئی یو ٹی اور این آئی سی وی ڈی کے 2 بڑے اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ماڈرن اسپتال کے سی ای او شاہد محمود نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے سکھر میں 100 بیڈز پر مشتمل ماڈرن اسپتال کی اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر کو 2 سال کے عرصے میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے لیے 80 کروڑ روپے کی مشینری کے علاوہ عمارت کی تعمیر پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسپتال متوسط طبقے کے لیے جدید، محفوظ، بہتر اور افورڈ ایبل سہولیات فراہم کرے گا، صاحبِ استطاعت افراد کو کم خرچ میں بہترین طبی سہولیات فراہم ہونگی، جبکہ استطاعت نہ رکھنے والوں کو مفت سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور ایسوں کے لیے مفت طبی سہولیات کی فراہمی سے مستفید ہونے کے لیے اسپتال میں کسی زکوٰۃ فارم پُر کر کے جمع کرانے کا شرط بھی لاگو نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں ماڈرن اسپتال فاؤنڈیشن اپنے نیٹ ورک سے 7 اسپتالوں اور 14 کلینکس سے طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ماڈرن اسپتال سکھر کی افتتاحی تقریب سے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
بعد ازاں موقع پر موجود میڈیا نمائندگان نے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ سے مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سوالات بھی کیے۔