November 17, 2026

کیڈٹ کالج جیکب آباد پاکستان آرمی کی زیر نگرانی قائم ادارہ، سندھ اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن

IMG-20260218-WA0176

کیڈٹ کالج جیکب آباد
پاکستان آرمی کی زیر نگرانی قائم ادارہ، سندھ اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن
کلاس ہفتم اور ہشتم میں داخلوں کا آغاز، جدید سہولیات اور فوجی نظم و ضبط نمایاں خصوصیات

سکھر/جیکب آباد(بیورورپورٹ)کیڈٹ کالج جیکب آباد پاکستان آرمی کی زیر نگرانی اور حکومتِ سندھ کے تعاون سے قائم کیا گیا ایک شاندار اور معیاری تعلیمی ادارہ ہے، جو صوبہ سندھ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع کے طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن بن کر ابھرا ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف ضلع جیکب آباد بلکہ بلوچستان کے اضلاع جعفر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں، صحبت پور، اوستا محمد اور سوئی سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بھی معیاری اور منظم تعلیمی ماحول فراہم کر رہا ہے، جس کے باعث یہ پورے خطے میں ایک نمایاں تعلیمی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔تعلیمی ماہرین، سول سوسائٹی، والدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کیڈٹ کالج جیکب آباد کو تعلیمی میدان میں ایک مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے اس کے قیام کو خوش آئند اقدام کہا ہے۔ان کے مطابق اس ادارے کے قیام سے سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے باصلاحیت طلبہ کو معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کے مساوی مواقع میسر آئیں گے، جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھرنے اور آگے بڑھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔کالج انتظامیہ کے مطابق ادارے میں مکمل فوجی نظم و ضبط کے تحت کلاس ہفتم اور ہشتم میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان سہولیات میں ایئر کنڈیشنڈ کلاس رومز، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ پر مشتمل فیکلٹی، معیاری اور آرام دہ ہاسٹل، کشادہ آڈیٹوریم، وسیع پلے گراؤنڈ اور صحت و صفائی کے اصولوں کے مطابق تیار کردہ متوازن غذا کا باقاعدہ نظام شامل ہے۔ادارے میں طلبہ کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ جدید تعلیمی تقاضوں کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ طلبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ کردار سازی اور اخلاقی اقدار میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کے باعث والدین اپنے بچوں کے محفوظ اور منظم تعلیمی ماحول کے حوالے سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔سول سوسائٹی اور مختلف سماجی و مذہبی حلقوں کا کہنا ہے کہ کیڈٹ کالج جیکب آباد مستقبل میں ایسے باصلاحیت اور باکردار نوجوان پیدا کرے گا جو زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ان کے مطابق یہ ادارہ خطے میں تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔مجموعی طور پر کیڈٹ کالج جیکب آباد ایک معیاری اور منظم تعلیمی ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جو جدید تعلیم، اعلیٰ تربیت، مضبوط نظم و ضبط اور دینی اقدار کے حسین امتزاج کے ذریعے نئی نسل کو روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔