نواب محمد یوسف تالپور کی پہلی برسی، عوامی خدمات کو خراجِ تحسین عمرکوٹ میں رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام تقریب، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
نواب محمد یوسف تالپور کی پہلی برسی، عوامی خدمات کو خراجِ تحسین عمرکوٹ میں رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے زیرِ اہتمام تقریب، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
عمرکوٹ (( رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی))
تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر اور قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وفادار ساتھی نواب محمد یوسف تالپور کی پہلی برسی کے موقع پر پریس کلب ہال عمرکوٹ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم آر ڈی تحریک جہدوجہد میں نمایاں کردار اپنے خاندا سمیت جیلیں کاٹنے والے معروف سیاسی و سماجی رہنما رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ مرحوم نواب محمد یوسف تالپور عوام کے سچے ہمدرد، غریب دوست اور سندھ کے مسائل کے حقیقی ترجمان تھے۔ وہ قومی اسمبلی میں خاص طور پر پانی، روزگار اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے حلقے اور سندھ کے عوام کی بھرپور آواز بنتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تھر اور عمرکوٹ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ مشکل حالات میں ہمیشہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور پارٹی کارکنوں کو دل سے عزت دیتے تھے۔ رسول بخش رحیمدانی نے بتایا کہ مرحوم کو کھیلوں سے خصوصی دلچسپی تھی اور انہوں نے ماروی گراؤنڈ عمرکوٹ میں آل پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے لیے سندھ حکومت سے فنڈز اور گرانٹس دلوانے میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہ صرف ایسی یادگاری تقریبات کا اہتمام کرتے رہتے ہیں بلکہ دیگر سیاسی، سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور معزز شخصیات کی برسیاں اور تعزیتی تقریبات منعقد کرکے انہیں خراجِ عقیدت بھی پیش کرتے ہیں، تاکہ نئی نسل کو اپنے ہیروز سے روشناس کرایا جا سکے۔ تقریب سے اسسٹنٹ گورنر روٹری زون 16 ڈسٹرکٹ عمرکوٹ سید منآب علی شاہ، روٹری کلب امرانو کے صدر محمد زمان کھوسو، سردار دلیپ کمار مالھی، راجا رامچند مالھی، واپاری ایسوسیشن رہنما سیٹھ دھرمداس نربھانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بااصول، بہادر اور عوام دوست رہنما تھے۔ وہ کارکنوں کی عزت کرتے، فون کال کا جواب ضرور دیتے اور لوگوں کے مسائل بروقت حل کرتے تھے۔مقررین نے کہا کہ جب نواب محمد یوسف تالپور ایوان میں گفتگو کرتے تھے تو ان کی مدلل اور سچ پر مبنی باتوں سے سب متاثر ہوتے تھے۔ وہ عمرکوٹ اور سندھ کے حقیقی محافظ تھے۔مقررین نے اپنے خطاب میں رسول بخش رحیمدانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مرحوم نواب محمد یوسف تالپور بلکہ دیگر سیاسی، سماجی رہنماؤں اور صحافیوں کی برسیاں اور یادگاری تقریبات منعقد کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جو ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنے محسنوں کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اور رسول بخش رحیمدانی اس روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر تحریک بحالی جمہوریت میں قربانیاں دینے والوں کو حسن جمہوریت نواب محمد یوسف تالپور ایوارڈز دیے گئے۔ مرحوم کریم داد خاصخیلی کا ایوارڈ ان کے بھتیجے پرویز علی خاصخیلی کو، کامریڈ کرشن مالھی کا ایوارڈ سردار دلیپ کمار مالھی، راجا رامچند مالھی کو، دوٹری کلب امرانو کو مشترکہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب عمرکوٹ غلام محمد کنبھر، سیٹھ ہرچند مہاراج، کامریڈ پیرومل، سیٹھ چندیرام درزی، ممتاز آریسر، سجاد علی شیخ، اشوک درڑا، وقاص یوسفزئی، قربان جنجھی، خاصخیلی نوجوانانِ اتحاد رہنما عادل حسین رحیمدانی، سوشل میڈیا کے متحرک کردار سردار سیف اللہ خاصخیلی، کریم دادا خاصخیلی کے بھتیجے پیپلز پارٹی ضلع کوآرڈینیشن ممبر پرویز علی خاصخیلی، فقیر احسان علی خاصخیلی، کامریڈ احسان مولائی، فقیر احسان علی خاصخیلی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے شرکاء نے مرحوم نواب محمد یوسف تالپور کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ دوسری جانب آج بروز بدھ مانجھاگر گاؤں میں مرحوم نواب محمد یوسف تالپور کی برسی منائی جائے گی۔ مرحوم کی قبر پر چادر چڑھائی جائے گی اور قرآن خوانی و دعائے مغفرت کی جائے گی۔