9

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے منعقدہ تین روزہ ایچ

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے منعقدہ تین روزہ ایچ ایم خواجہ سالانہ پھولوں کی شاندار نمائش، سائنسی و ثقافتی آرٹ فیسٹیول میوزیکل پروگرام اور تقریبِ تقسیمِ انعامات کے ساتھ بھرپور اور یادگار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا نمائش کا آخری روز فیملیز کے لیے مخصوص کیا گیا تھا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رنگا رنگ اور خوشبودار پھولوں، ثقافتی سرگرمیوں اور موسیقی کی محفل نے تقریب کو پررونق بنا دیا۔ نمائش کے دوران قائد عوام انجنئیرنگ یونیورسٹی، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، محکمہ جنگلات سمیت مختلف اداروں کی جانب سے موسمی، سجاوٹی اور نایاب اقسام کے خوبصورت پھولوں کی نمائش کی گئی اس کے علاوہ اسکولوں کے طلبہ، مقامی تنظیموں اور نجی شعبے کے نمائندوں نے بھی دیدہ زیب اسٹالز قائم کیے جن میں تخلیقی سجاوٹ، دستکاری اور ماحولیاتی آگاہی سے متعلق مواد شامل تھا۔ شہریوں نے اسٹالز میں گہری دلچسپی لی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظاماڻي اور پاکستان پیپلز پارٹی ضلع صدر محمد سالم زرداری نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف محکموں کے افسران، فلاور شو کے منتظمین، اسٹال ہولڈرز اور دیگر شرکاء میں شیلڈز، تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی، پ پ پ ضلع صدر محمد سالم زرداری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔آخری روز منعقدہ میوزیکل پروگرام تقریب کا خاص مرکز رہا، جہاں صوفی اور لوک فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ موسیقی اور پھولوں کی خوشبو سے معطر ماحول نے تقریب کو روحانی اور ثقافتی رنگ عطا کیا۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ایسی تعمیری، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آئیں، ثقافتی شناخت کو فروغ ملے اور شہر کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، ڈائریکٹر ایجوکیشن سیکنڈری ریاض احمد اجن، ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن دین محمد پٹھان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حمیرہ میر، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز شہناز لاکھو، میر محمد سیال سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں