سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز
پريالوءِ میں قانون کی ناکامی
جھولی لال مندر سے 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری، ہندو برادری میں خوف و ہراس
سکھر/پريالوءِ (بیورورپورٹ) پريالوءِ تھانے کی حدود میں بدامنی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مڑھی کالونی میں قائم جھولی لال مندر کو نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں نشانہ بنا کر تقریباً پانچ لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزمان رات کے وقت مندر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود قیمتی سامان، چندہ بکس اور دیگر اشیاء لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بڑی تعداد میں مندر پہنچ گئے جبکہ پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے کی ہندو برادری میں شدید خوف و ہراس اور بے چینی پھیل گئی ہے۔برادری کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ مذہبی عبادت گاہوں کا بھی محفوظ نہ رہنا انتہائی افسوسناک اور تشویشناک امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک مقدس مقام بھی جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ نہیں تو عام شہری خود کو کیسے محفوظ تصور کریں؟مقامی شہریوں نے ایس ایچ او پريالوءِ صادق کلہوڑو پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، تاہم پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور اعلیٰ حکام کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔شہریوں اور برادری کے رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔پولیس کی جانب سے تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ذرائع کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔