November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان رمضان

Screenshot_2026-02-14_142449

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک کے مختلف شہروں خصوصاً سکھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خور عناصر نے مقدس مہینے سے پہلے ہی قیمتیں بڑھا کر عوام کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سبزیوں، پھلوں اور بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سکھر میں صرف چار روز کے اندر ٹماٹر کی قیمت میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ ٹماٹر جو 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، اب 120 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ اسی طرح آلو کی قیمت 40 روپے سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔بیسن کی قیمت بھی 320 روپے فی کلو سے بڑھا کر 350 روپے کر دی گئی ہے۔ کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں بھی 20 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔ درجہ اول گھی اور تیل 580 روپے سے بڑھ کر 600 روپے فی کلو جبکہ درجہ سوم گھی اور تیل 510 روپے سے بڑھا کر 530 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔نان بائیوں نے بھی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ روٹی اور سادہ نان پانچ روپے اضافے کے بعد 25 روپے کے ہو گئے ہیں۔خمیری نان کی قیمت 25 روپے سے بڑھا کر 30 روپے جبکہ کلچہ 35 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح تندوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے کر دی گئی ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی بوجھ پڑا ہے۔ہوٹلوں میں چائے کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے اور اب ایک کپ چائے 60 روپے کے بجائے 70 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔چار روز کے اندر دیسی براؤن انڈوں کی قیمت میں 30 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے۔ انڈے جو 470 روپے فی درجن تھے، اب 500 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔درجہ سوم سیب 150 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو جبکہ درجہ سوم کیلا 140 روپے سے بڑھ کر 180 روپے فی درجن ہو گیا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔عوام کا کہنا ہے کہ ہر سال رمضان المبارک سے قبل مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے ذخیرہ اندوز اور منافع خور عناصر ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں، جس کا سب سے زیادہ اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے پرائس کنٹرول میکانزم کو فعال بنانے، مارکیٹوں میں چھاپے مارنے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔