November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)کچے کے علاقے گاؤں پیر مسافر میں چار ماہ قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیے

IMG-20260214-WA0245

سکھر(بیورورپورٹ)کچے کے علاقے گاؤں پیر مسافر میں چار ماہ قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیے جانے والے شمس الدین مہر کے قاتل تاحال گرفتار نہ ہو سکے، جس کے خلاف ورثا نے پولیس کی مبینہ نااہلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کھڈہری تھانے کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے مویشی چھیننے کی واردات کی۔ اس دوران مزاحمت کرنے پر شمس الدین مہر کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔واقعے کو چار ماہ گزر جانے کے باوجود ملزمان قانون کی گرفت میں نہیں آ سکے، جس پر مقتول کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔احتجاج کرنے والوں میں مقتول کے ورثا وڈیرہ عبدالرحیم مہر، خادم حسین، محمد قاسم، کامریڈ عبدالخالق مہر، کمال الدین مہر اور دیگر شامل تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار پولیس اور متعلقہ حکام سے رابطہ کر چکے ہیں، تاہم انہیں صرف یقین دہانیاں کرائی گئیں اور عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ورثا کا الزام ہے کہ پولیس کی سستی اور نااہلی کے باعث ملزمان آزادانہ گھوم رہے ہیں، جس سے نہ صرف انہیں بلکہ علاقے کے دیگر مکینوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی عدم گرفتاری سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا قائم ہے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ مقتول کے ورثا نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔