11

میلسی (بیو رو چیف )ضلعی دفتر بہبودِ آبادی وہاڑی کے زیر اہتمام میلسی میں ”تعلیمی فیملی پلاننگ میلہ”

میلسی (بیو رو چیف )ضلعی دفتر بہبودِ آبادی وہاڑی کے زیر اہتمام میلسی میں ”تعلیمی فیملی پلاننگ میلہ” منعقد ہوا۔تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کے نمائندے عالمگیر خان کھچی تھے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نوید اقبال کھنڈ،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر وہاڑی غفران حسین ثاقب چوپڑا، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر آفتاب احمد مہرموجود تھے۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ سکول کے بچوں نے خوبصورت استقبالی ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ آگاہی پیغامات پر مشتمل خاکے اور ڈرامے بھی پیش کیے گئے جن میں خاندانی منصوبہ بندی، اور ماں اور بچوں کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔میلے میں منعقد ہونے والے کوئز مقابلے نے شرکاء کی معلومات میں اضافہ کیا جبکہ صحت مند بچوں کے مقابلہ اور بہترین شادی شدہ جوڑے کے مقابلے نے تقریب کو مزید دلچسپ بنایا۔اس موقع پر کامیاب شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔عوام کی سہولت کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور خاندانی منصوبہ بندی خدمات کے کیمپ کا خصوصی انتظام کیا گیا جہاں ماہر عملے نے رہنمائی فراہم کی۔ اس کے ساتھ کڑھائی، مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز، فری مشروبات، فری چاٹ و چپس اور بچوں کے لیے محکمہ کی جانب سے مفت جھولوں کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے فیملیز نے بھرپور لطف اٹھایا۔مہمان خصوصی عالمگیر خان کھچی نے محکمہ بہبودِ آبادی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تفریحی اور معلوماتی پروگرام کے ذریعے متوازن خاندان کی بھرپور آگاہی فراہم کی گئی انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو صحت مند اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور ماں و بچے کی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ایسے پروگرامز معاشرتی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید اقبال کھنڈ اور ڈاکٹر ساجدہ پروین نے ماں اور بچے کی صحت، مناسب وقفہ پیدائش اور ذمہ دارانہ والدین کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند اور متوازن خاندان ہی مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔بچوں کی تفریح کے لیے فخرالدین کی جانب سے پیش کردہ میجک شو خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ پروگرام کے اختتامی لمحات میں روایتی جھومر پیش کیا گیا جبکہ معروف گلوکار الطاف حسین ساگر نے خوبصورت گائیکی سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ میلے میں شہریوں، فیملیز، خواتین و حضرات اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ آگاہی و تفریحی سرگرمیوں کو بے حد سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں