سکھر میں سیپکو ملازمین کا احتجاج
سی ای او انجینئر اعجاز احمد چنہ کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی مذمت، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے فوری کارروائی کا مطالبہ
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز احمد چنہ کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مبینہ کردار کشی اور بلیک میلنگ کی کوششوں کے خلاف سیپکو کے سیکڑوں ملازمین اور افسران سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے شہر کے مصروف علاقے گلوب چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ انجینئر اعجاز احمد چنہ کے بطور سی ای او چارج سنبھالنے کے بعد ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق لائن لاسز میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف مؤثر مہم جاری ہے جس سے ادارے کو مالی فائدہ پہنچا ہے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ سی ای او اعجاز احمد چنہ ایک “ملازم دوست افسر” ہیں جنہوں نے نہ صرف ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے بلکہ ملازمین کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی۔ان کا کہنا تھا کہ چند عناصر کو ادارے کی بہتری اور سخت احتسابی عمل ہضم نہیں ہو رہا، اسی لیے وہ سوشل میڈیا کے ذریعے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مظاہرین نے اس عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کردار کشی کی یہ مہم بند نہ کی گئی تو وہ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے وفاقی تحقیقاتی اداروں خصوصاً نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔احتجاج پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا تاہم ملازمین نے واضح کیا کہ اگر متعلقہ حکام نے نوٹس نہ لیا تو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔