November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)ضلع سکھر کے صحت مراکز میں اے آر وی/اے ایس وی سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

IMG-20260213-WA0274

سکھر(بیورورپورٹ)ضلع سکھر کے صحت مراکز میں اے آر وی/اے ایس وی سینٹرز کے قیام کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان کی زیر صدارت ضلع میں اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) اور اینٹی اسنیک وینم (ASV) کی دستیابی اور ضلع بھر کے صحت مراکز میں اے آر وی/اے ایس وی سینٹرز کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی گل شاہ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ غلام محمد میڈیکل کالج اسپتال ڈاکٹر ڈاکٹر عبدالعلیم، محکمہ صحت کے افسران، پی پی ایچ آئی، مختلف تعلقہ و دیہی صحت مراکز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز میں اے آر وی اور اے ایس وی کے موجودہ اسٹاک کا جائزہ لیا گیا اور ان جان بچانے والی ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال، تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتالوں اور منتخب رورل ہیلتھ سینٹرز میں خصوصی اے آر وی/اے ایس وی سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ کتے کے کاٹنے اور سانپ کے ڈسنے کے متاثرین کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں عوام کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اے آر وی اور اے ایس وی کے مناسب ذخیرے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام صحت مراکز کو اسٹاک کی باقاعدہ اپڈیٹ اور ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے کہا کہ اے آر وی/اے ایس وی کارنرز کا قیام ضلع سکھر میں ہنگامی طبی سہولیات کی بہتری اور عوام کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔