November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)سلطان العارفین شہید حضرت محمد آدم شاہ کلہوڑو رحمت اللہ علیہ کے 428 ویں

IMG-20260213-WA0273

سکھر(بیورورپورٹ)سلطان العارفین شہید حضرت محمد آدم شاہ کلہوڑو رحمت اللہ علیہ کے 428 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات نہایت عقیدت، احترام اور روحانی ماحول میں منعقد کی گئیں۔ عرس کی تقریبات میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ دربار شریف کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور محفل میں ذکر و اذکار، نعت و منقبت اور صوفیانہ کلام کی گونج سنائی دیتی رہی۔عرس مبارک کی مرکزی تقریب کی میزبانی سجادہ نشین میاں محمد جھانگیر نے کی۔ تقریب میں مہمانان گرامی میں سابق سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، علماء کرام، مشائخ عظام، صحافی، نوجوانوں اور خواتین سمیت ہزاروں عقیدت مند شریک ہوئے۔اس موقع پر سابق سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد آدم شاہ کلہوڑوؒ کا فیضان آج بھی لوگوں کے دلوں میں محبت، امن اور رواداری پیدا کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ اولیاء اللہ کی زندگی انسانیت کی خدمت، اخلاق، بردباری اور اخوت کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد آدم شاہ کلہوڑوؒ نے اپنے کردار اور تعلیمات سے معاشرے میں بھائی چارے، عدل و انصاف، صبر و تحمل اور انسان دوستی کا پیغام عام کیا، جس کی آج کے دور میں پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ عرس مبارک کی یہ تقریبات نئی نسل کے لیے ایک روشن پیغام ہیں کہ نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کے مقابلے میں محبت، خدمت اور برداشت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام نے ہمیشہ انسان کو انسان سے جوڑنے کی بات کی، اور ان کی خانقاہیں آج بھی امن، اتحاد اور اخلاص کا مرکز ہیں۔عرس کی تقریبات کے دوران مکالمہ صوفی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مقررین اور اہل علم نے تصوف کی حقیقی روح، صوفیاء کی تعلیمات اور معاشرے کی اصلاح میں ان کے کردار پر گفتگو کی۔ مکالمے میں کہا گیا کہ تصوف کا اصل مقصد انسان کے اندر اخلاقی تربیت، عاجزی، برداشت، خدمت خلق اور محبت پیدا کرنا ہے۔بعد ازاں صوفی راگ رنگ کی خصوصی محفل بھی منعقد کی گئی جس میں صوفیانہ کلام، منقبت اور روح پرور نغمے پیش کیے گئے۔ محفل میں موجود عقیدت مندوں نے انتہائی عقیدت کے ساتھ شرکت کی اور روحانی کیفیت طاری رہی۔ صوفی راگ رنگ کی محفل کے ذریعے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن، خوشحالی، سندھ کی ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں مہمانان گرامی کی اجرک اور سندھی ٹوپی کے ذریعے عزت افزائی کی گئی جبکہ سجادہ نشین میاں محمد جھانگیر نے تمام مہمانوں، عقیدت مندوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عرس مبارک کی یہ روحانی محفل حضرت محمد آدم شاہ کلہوڑوؒ کے فیضان اور محبت کا تسلسل ہے، اور ہر سال اسی عقیدت کے ساتھ جاری رہے گی۔