سکھر(بیورورپورٹ)سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) نے سیلاب اور بارش سے متاثرہ خاندانوں کے
سکھر(بیورورپورٹ)سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) نے سیلاب اور بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لیے جاری ہاؤسنگ اور واٹر، سینیٹیشن اینڈ ہائجین (WASH) منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں سرسو کا 26 واں ترقیاتی جائزہ اجلاس اور اسٹریٹجک پلاننگ سیشن منعقد ہوا، جس میں سندھ حکومت کے مالی تعاون سے جاری سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (SPHF) اور واش منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت سرسو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد دتّل کلہوڑو نے کی۔اجلاس میں منصوبوں کی رفتار، معیار، درپیش چیلنجز اور اہداف کے حصول کے لیے آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے مختلف اضلاع میں جاری تعمیراتی کام، مستحقین کی نشاندہی، فنڈز کے استعمال اور شفافیت کے امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ متاثرین کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد دتّل کلہوڑو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور ٹیم ممبران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درپیش مشکلات کا بروقت حل نکال کر منصوبہ بندی کے مطابق اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر، چیف آف انٹرنل آڈٹ، ٹیم لیڈر SFEHRP، ریجنل جنرل منیجرز (RGMs)، ڈسٹرکٹ منیجرز (DMs) اور دیگر اہم ٹیم ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں کو شفافیت اور تندہی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔