November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ

IMG-20260213-WA0271

سکھر(بیورورپورٹ)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ سکھر اور لاڑکانہ کے علاقائی سربراہ سید محمود علی شاہ اور کنسلٹنٹ فدا حسین سولنگی نے علاقائی سطح پر عوامی شکایات کی سماعت کی۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 84 شکایات کی باقاعدہ سماعت کی گئی۔ذرائع کے مطابق کل شکایات میں سے 39 کیسز سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) سے متعلق تھے۔ ان کیسز کی سماعت کے دوران سیپکو لاڑکانہ اور لاڑکانہ ڈویژنز کے ایکسیئن سٹی اصغر علی شیخ اور سہیل احمد کهاوڑ، ریونیو آفیسر سٹی سیپکو سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے اور انہوں نے کارروائی میں حصہ لیا۔اسی طرح 15 شکایات سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) سے متعلق تھیں، جن کی سماعت کے دوران زونل منیجر ایس ایس جی سی ایل لاڑکانہ اور دیگر متعلقہ افسران، جن میں سعید احمد کوریجو (ڈپٹی منیجر) شامل تھے، پیش ہوئے۔دیگر شکایات پاکستان بیت المال، پاسپورٹ آفس، پوسٹل لائف انشورنس (PLI)، پاکستان پوسٹ ڈیپارٹمنٹ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے متعلق تھیں۔ ان اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے بی آئی ایس پی، پاکستان بیت المال اور پی ایل آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جبکہ پاکستان پوسٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت متعلقہ افسران سماعت میں شریک ہوئے۔تمام شکایت کنندگان فورم کے روبرو پیش ہوئے اور ان کی شکایات کو صبر و تحمل اور تفصیل کے ساتھ سنا گیا۔ جہاں کہیں بدانتظامی یا کوتاہی کے شواہد سامنے آئے، وہاں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے فیصلے صادر کیے گئے۔وفاقی محتسب سیکریٹریٹ نے اس موقع پر عوام کو فوری، شفاف اور مؤثر ریلیف فراہم کرنے اور وفاقی اداروں میں احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے ایسے کھلی کچہری طرز کے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت انصاف مہیا ہو سکے۔