November 17, 2026

بااثر شخص کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف عبدالکریم مہر کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

IMG-20260212-WA0182

بااثر شخص کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف عبدالکریم مہر کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج
اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے سنگراد کے رہائشی اور مہر برادری سے تعلق رکھنے والے عبدالکریم مہر نے مبینہ طور پر علاقے کے بااثر شخص سید نواب شاہ اور ان کے بیٹے عبداللہ شاہ کی جانب سے ظلم و زیادتی، سود خوری، تشدد اور لوٹ مار کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کے دوران عبدالکریم مہر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے سید نواب شاہ سے 3 لاکھ روپے بطور ادھار حاصل کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ رقم پر سود عائد کیا گیا اور اب تک وہ 13 لاکھ روپے ادا کر چکے ہیں، اس کے باوجود انہیں مزید رقم کی ادائیگی کے لیے دباؤ اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔عبدالکریم مہر کے مطابق سید نواب شاہ اور ان کے بیٹے عبداللہ شاہ نے مبینہ طور پر انہیں راستے میں روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے ان کی 2015 ماڈل سی ڈی موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان مسلسل انہیں ہراساں کر رہے ہیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔مظاہرین نے اس موقع پر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عبدالکریم مہر نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی کہ انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف یقینی بنایا جائے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے انصاف کے حصول کے لیے نعرے بازی بھی کی اور مطالبہ کیا کہ سود خوری اور بااثر افراد کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔