سول اسپتال سکھر کے آرتھوپیڈک شعبے کی بندش کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت متعلقہ حکام کو نوٹس جاری، کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی
سول اسپتال سکھر کے آرتھوپیڈک شعبے کی بندش کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت
متعلقہ حکام کو نوٹس جاری، کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی
سکھر (بیورورپورٹ)سول اسپتال سکھر کے آرتھوپیڈک شعبے کی خستہ حال عمارت اور شعبے کی معطلی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔درخواست پی ایف یو جے کے رہنما لالا اسد پٹھان اور سلیم سھتو کی جانب سے بئریسٹر خان عبدالغفار خان کی معرفت دائر کی گئی ہے۔ دو رکنی آئینی بینچ جسٹس امجد علی بوہیو اور جسٹس علی حیدر ادا پر مشتمل تھا، جس نے کیس کی سماعت کی۔درخواست میں کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سول اسپتال سکھر، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اور ہیڈ آف آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج، جسے سول اسپتال سکھر بھی کہا جاتا ہے، ضلع سکھر کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے جہاں نہ صرف سکھر بلکہ سندھ کے دیگر اضلاع کے علاوہ پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں سے بھی مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں۔درخواست گزاروں کے وکیل بئریسٹر خان عبدالغفار خان نے عدالت کو بتایا کہ آرتھوپیڈک شعبہ اسپتال کا ایک نہایت اہم اور بنیادی شعبہ ہے جو حادثات اور ہڈیوں سے متعلقہ امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق آرتھوپیڈک شعبے میں روزانہ 150 سے زائد مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے، جبکہ 30 سے 40 ایمرجنسی کیسز روزانہ رپورٹ ہوتے ہیں اور ہر ہفتے 20 سے 30 سرجریاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آرتھوپیڈک شعبے کی بڑھتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے اس کے لیے علیحدہ وارڈ تعمیر کیا تھا، تاہم مذکورہ عمارت ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما کے سپرد کر دی گئی، جس کے بعد سول اسپتال انتظامیہ نے آرتھوپیڈک خدمات کو ایک خستہ حال وارڈ میں منتقل کر دیا۔وکیل کے مطابق موجودہ آرتھو وارڈ کی چھت سے پلاسٹر اور کنکریٹ کے ٹکڑے گرنے لگے، جس پر کمشنر سکھر نے موقع کا دورہ کر کے وارڈ کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔ اس فیصلے کے بعد سول اسپتال سکھر میں آرتھوپیڈک سروسز مکمل طور پر معطل ہیں، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں مجبورا نجی کلینکس کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائے کہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج میں نئے تعمیر شدہ آرتھوپیڈک وارڈ کو فوری طور پر آرتھوپیڈک شعبے کے حوالے کیا جائے تاکہ عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 فروری کو مقرر کردی۔