سکھر میں موٹر سائیکل چور رنگے ہاتھوں گرفتار، شہریوں نے پولیس کے حوالے کر دیا
سکھر میں موٹر سائیکل چور رنگے ہاتھوں گرفتار، شہریوں نے پولیس کے حوالے کر دیا
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے منور مسجد نزد ایوب گیٹ میں موٹر سائیکل چوری کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں ایک مبینہ چور کو شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایک شخص منور مسجد کے قریب کھڑی موٹر سائیکل کا تالا توڑ کر اسے چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل کا مالک موقع پر پہنچ گیا۔ صورتحال دیکھتے ہی اس نے شور مچا دیا جس پر قریبی دکاندار اور علاقہ مکین جمع ہو گئے۔شہریوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ چور کو قابو کر لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم موٹر سائیکل کا لاک توڑ چکا تھا اور بائیک لے جانے کی کوشش میں تھا۔ شہریوں نے اسے پکڑ کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جسے مقامی زبان میں “سافٹ ویئر اپڈیٹ” قرار دیا جاتا ہے۔بعد ازاں شہریوں نے ملزم کو تھانہ بی سیکشن پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس کے دیگر ممکنہ جرائم اور ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔علاقہ مکینوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے گشت بڑھانے اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔