November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)ایگزیکٹو انجینئر بیراج ڈویژن زاہد حسین مغل کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا

IMG-20260212-WA0171

سکھر(بیورورپورٹ)ایگزیکٹو انجینئر بیراج ڈویژن زاہد حسین مغل کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران، مختلف یونینز اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں آل پاکستان یونائیٹڈ اریگیشن ایمپلائیز فیڈریشن سندھ، سندھ اریگیشن ٹریڈ یونین متحدہ فیڈریشن سندھ اور پاکستان ورکرز فیڈریشن سندھ ریجن کے رہنماؤں سمیت محکمہ آبپاشی کے متعدد افسران و ملازمین شریک ہوئے۔اس موقع پر یونین رہنماؤں خادم حسین کوسو، فقیر محمد اعظم منگنیجو، حمزہ علی جلبانی، مہر علی جتوئی، عبدالنبی جاگیرانی، عبیداللہ مغل، عبدالوهاب ڈومکی، عمران علی منگنیجو، غلام سرور کانڌڑو، شیراز بھیو، ضمیر مہر، طاہر مغل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ایگزیکٹو انجینئر زاہد حسین مغل کی محکمہ آبپاشی اور سکھر بیراج کی بحالی میں خدمات کو سراہا۔مقررین کا کہنا تھا کہ زاہد حسین مغل نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے بیراج نظام کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ ملازمت زاہد حسین مغل نے ماتحت افسران اور ملازمین کے ساتھ خوش اخلاقی اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہ سب کے دلوں میں عزت رکھتے ہیں۔ مقررین نے دعا کی کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی فیملی کے ہمراہ خوشگوار زندگی گزاریں، کیونکہ ان جیسے افسران محکمہ آبپاشی کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ایگزیکٹو انجینئر زاہد حسین مغل نے کہا کہ یونین رہنماؤں، افسران اور ملازمین کی جانب سے دی جانے والی عزت و محبت کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ساٹھ سال نہری نظام کی بہتری کے لیے وقف کیے اور سکھر بیراج کی بحالی کی ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دنیا کے بڑے نہری نظاموں میں شمار ہونے والے سکھر بیراج کی تعمیراتی اور مرمتی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔تقریب کے دوران زاہد حسین مغل کی آمد پر ان پر گل پاشی کی گئی اور شاندار استقبال کیا گیا۔ سندھ کی ثقافتی روایات کے مطابق انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔